خیبرپختونخوا میں سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی جاری ہے، محکمہ خوراک کے مطابق اب تک 20 کلوگرام آٹے کے 6 لاکھ 76 ہزار 165 تھیلے عوام کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔

 

محکمہ خوراک کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں 1573 نامزد ڈیلرز کے ذریعے 20 کلوگرام آٹے کا تھیلا 2520 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: امریکا میں پاکستانی نرسوں اور طبی ماہرین کے لیے روزگار کی راہ ہموار، اہم پیش رفت سامنے آگئی

 

حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے سستے آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے فلور ملز کو سرکاری گوداموں سے گندم کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

 

محکمہ خوراک کے مطابق اب تک فنکشنل فلور ملز کو سرکاری گوداموں سے 21 ہزار 319 میٹرک ٹن گندم فراہم کی جا چکی ہے، جس میں سے 19 ہزار 319 میٹرک ٹن گندم گرائنڈ کی جا چکی ہے۔

 

معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کا کہنا ہے کہ گندم کی فلور ملز کو مسلسل فراہمی کا مقصد صوبے میں آٹے کی وافر دستیابی اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنانا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کو سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس پورے عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

 

ڈاکٹر محمد اسرار خان کے مطابق عوام کو سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری آٹے کے معیار کی بھی نگرانی کریں اور آٹا غیر معیاری ہونے کی صورت میں محکمہ خوراک کو فوری اطلاع دیں۔