پشاور میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے قریب سپین جماعت میں نئی احساس پناہ گاہ قائم کردی گئی، جہاں دیہاڑی دار مزدوروں، مریضوں کے تیمارداروں اور مسافروں کو مفت رہائش، کھانا اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

 

مشیر سوشل ویلفیئر ملک لیاقت علی خان نے احساس پناہ گاہ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پناہ گاہ کے بیڈ رومز اور کچن کا معائنہ بھی کیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: سہیل آفریدی کے آبائی علاقے کے مشران کا جرگہ، وزیراعلیٰ سے کیا مطالبہ کیا؟

 

ملک لیاقت علی خان کے مطابق احساس پناہ گاہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر قائم کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی روڈ پر مزدوروں کے کھلے آسمان تلے سونے کا نوٹس لیا تھا، جس کے بعد پناہ گاہ کے قیام کی ہدایت کی گئی۔

 

 

انہوں نے بتایا کہ پناہ گاہ میں رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات مفت فراہم ہوں گی، جبکہ مستحق افراد کو روزانہ ناشتہ اور رات کا کھانا بھی دیا جائے گا۔

 

احساس پناہ گاہ شام 6 بجے سے صبح 9 بجے تک کھلی رہے گی، جہاں رہائش کے لیے مناسب انتظامات کے ساتھ کچن کی سہولت بھی موجود ہے۔

 

مشیر سوشل ویلفیئر کا کہنا تھا کہ معاشرے کے محروم طبقات کو باعزت رہائش اور خوراک کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں احساس پناہ گاہوں کا دائرہ کار بھی بڑھایا جا رہا ہے۔

 

ملک لیاقت علی خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پناہ گاہ میں آنے والے افراد کو معیاری اور باعزت سہولیات فراہم کی جائیں۔