پشاور ہائی کورٹ نے گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف دائر درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ 

 

عدالت نے فریقین کو 14 روز کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواستوں پر مزید سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی۔

 

تحریری حکم نامے کے مطابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور کی لوکل ٹرانسپورٹ: سوزوکی سے پنک بس تک کا میرا سفر

 

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بغیر ایمرجنسی نافذ کی گئی اور صدرِ مملکت کے پاس ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے ٹھوس شواہد موجود نہیں تھے۔

 

درخواست گزاروں کے مطابق صوبے میں آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کیا گیا ہے، جس کا مقصد سول اتھارٹی کی مدد کرنا ہے۔ 

 

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ آرٹیکل 245 کے تحت فوج طلب کرنے کا اختیار صوبائی حکومت کے پاس ہے۔

 

عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کیے جاتے ہیں اور فریقین 14 روز کے اندر اپنا جواب لازمی جمع کرائیں۔

 

پشاور ہائی کورٹ نے درخواستوں پر مزید سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی۔