الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا کے 7 اضلاع میں ویلیج کونسلز اور نیبرہڈ کونسلز کی نئی حد بندی (ڈلیمٹیشن) کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔ نئی حد بندی کا حتمی نوٹیفکیشن 17 اکتوبر 2026 کو جاری کیا جائے گا۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق جن اضلاع میں نئی حد بندی کی جائے گی ان میں خیبر، کرم، مانسہرہ، ملاکنڈ، شانگلہ، اپر چترال اور باجوڑ شامل ہیں۔ یہ عمل آئین پاکستان، الیکشن ایکٹ 2017، خیبر پختونخوا بلدیاتی حکومت ایکٹ 2013 اور متعلقہ قواعد 2020 کے تحت مکمل کیا جائے گا۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: باڑہ میں بارش کے دوران کمرے کی چھت گر گئی، 2 کمسن بچے جاں بحق، والد زخمی

 

جاری کردہ شیڈول کے مطابق 22 سے 27 جولائی 2026 تک حد بندی کمیٹیوں کی تشکیل، نقشوں اور ریکارڈ کی فراہمی، انتظامی تیاری اور عملے کی تربیت کی جائے گی۔

 

28 جولائی سے 28 اگست 2026 تک ویلیج اور نیبرہڈ کونسلز کی ابتدائی حد بندی اور فہرست تیار کی جائے گی، جبکہ 29 سے 31 اگست تک یہ ابتدائی فہرست عوامی اعتراضات کے لیے شائع کی جائے گی۔

 

یکم سے 18 ستمبر 2026 تک عوام، امیدوار اور دیگر متعلقہ افراد حد بندی پر اپنے اعتراضات جمع کرا سکیں گے۔ 5 اکتوبر 2026 تک حد بندی اتھارٹی تمام اعتراضات پر فیصلے کرے گی، جبکہ 12 اکتوبر تک متعلقہ کمیٹیوں کو ان فیصلوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق ویلیج اور نیبرہڈ کونسلز کی حتمی حد بندی کا نوٹیفکیشن 17 اکتوبر 2026 کو جاری کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس عمل کا مقصد مقامی حکومتوں کے آئندہ انتخابات کے لیے شفاف، منصفانہ اور قانونی تقاضوں کے مطابق حلقہ بندیاں یقینی بنانا ہے۔