وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، پولیس اور عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور جوانوں و افسران کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے: حکومت کا ایل پی جی کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے پر غور، سلنڈر 10 ہزار روپے سے تجاوز کرنے کا خدشہ
اجلاس میں وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ صوبے میں پولیس، سیف سٹیز منصوبوں اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان بھی متوقع ہے۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال اور حالیہ پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، عطا تارڑ، امیر مقام، رانا ثناء اللہ، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور کور کمانڈر پشاور بھی شریک ہیں۔
