راولپنڈی سہ ملکی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی فتح کے ہیرو عرفات منہاس نے بیٹنگ اور بولنگ میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک اہم ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے، جبکہ جواب میں انگلش ٹیم 39ویں اوور میں 215 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ یوں قومی ٹیم نے 87 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستانی آل راؤنڈر عرفات منہاس نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز بنائے۔ اس کے بعد بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 40 رنز دے کر انگلینڈ کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور ہائی کورٹ: گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف درخواستوں پر ایڈووکیٹ جنرل اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری
اس شاندار کارکردگی کے نتیجے میں عرفات منہاس ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں ایک ہی میچ میں نصف سنچری بنانے اور 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔
عرفات منہاس سے پہلے پاکستان کے دو معروف آل راؤنڈرز شاہد آفریدی اور عبدالرزاق بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے پہلی مرتبہ یہ کارنامہ سال 2000 میں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف انجام دیا تھا۔ اس میچ میں انہوں نے 61 رنز بنانے کے علاوہ 40 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
شاہد آفریدی کو ون ڈے کرکٹ میں یہ کارنامہ سب سے زیادہ مرتبہ انجام دینے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ اپنے کیریئر کے دوران 3 مرتبہ ایک ہی میچ میں نصف سنچری بنانے کے ساتھ 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
دوسری جانب پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے بھی سال 2000 میں بھارت کے خلاف 70 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ 5 وکٹیں حاصل کرکے اس فہرست میں جگہ بنائی تھی۔
عرفات منہاس کی اس عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی نے نہ صرف پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف اہم کامیابی دلائی بلکہ انہیں شاہد آفریدی اور عبدالرزاق جیسے نامور پاکستانی آل راؤنڈرز کی صف میں بھی شامل کر دیا۔
