پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں 19 سے 23 جولائی تک شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے، جبکہ چترال، اپر دیر، لوئر دیر، سوات، شانگلہ، اپر کوہستان، لوئر کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی اور فلش فلڈ کا خطرہ ہے، جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، سوات اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں: سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 24 خوارج ہلاک، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری
پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں میں ایمرجنسی مشینری، امدادی سامان اور ریسکیو ٹیموں کی پیشگی تعیناتی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، درختوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط کریں۔ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو بھی فصلوں اور جانوروں کی حفاظت کے لیے ضروری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران زیر آب سڑکوں، پلوں اور برساتی نالوں کو عبور نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر سے رابطہ کریں، جو مکمل طور پر فعال ہے۔
