بنوں میں حالیہ دہشتگرد حملوں اور خودکش دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 24 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں اور گردونواح میں فائرنگ کے تبادلوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 24 خوارج ہلاک کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر: افغان مہاجرین سے مبینہ رشوت لینے کے الزام میں ایس ایچ او اور اسسٹنٹ ایس ایچ او معطل
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج متعدد دہشتگرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب بنوں میں سکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے متعدد مقامات کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ ضلع بھر کے داخلی اور خارجی راستے عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بھی تاحکم ثانی معطل کر دی ہیں۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ بکاخیل، جانی خیل، تحصیل میریان، ایف آر بنوں، سرہ درگہ اور سب ڈویژن وزیر میں آپریشن کے باعث کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ان علاقوں کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔
