پشاور متنی میں ماں اور اس کے 9 ماہ کے شیرخوار بچے کے قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم سکندر عرف لمبا پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: وراثت کے تنازع پر خاتون اور 9 ماہ کا بچہ قتل

 

پولیس کے مطابق تھانہ متنی کی حدود اخون بابا قبرستان، مریم زئی میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران سکندر عرف لمبا اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے ساتھی عمران عرف ڈابہ اور ایک نامعلوم ملزم فرار ہوگئے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ سکندر عرف لمبا 29 جون کو متنی کے علاقے پاسنی میں ایک خاتون اور اس کے 9 ماہ کے شیرخوار بچے کے قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ الزام ہے کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دونوں کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں خشک کنویں میں پھینک دی تھیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: 9 ماہ سے بند طورخم بارڈر، تاجر برادری نے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کر دیا

 

پولیس کے مطابق ہلاک ملزم دہشت گردوں کا سہولت کار بھی تھا اور قتل، تخریب کاری سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ اس کے خلاف تھانہ متنی میں مقدمہ نمبر 290 مورخہ 29 جون 2026 زیر دفعات 302/34 درج تھا، جبکہ سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ نمبر 105 مورخہ 30 جون 2026 زیر دفعات 120-B، 3/4 ایکسپلوسیو سبسٹینس ایکٹ، 7 اے ٹی اے، 11-F(2)، 11-N، 11-OOO، 188، 21(i) اور 21(C) کے تحت بھی مطلوب تھا۔

 

پولیس نے بتایا کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پشاور کے علاقے متنی میں وراثت اور تیسری شادی کے تنازع پر ایک خاتون اور اس کے 9 ماہ کے شیرخوار بچے کو مبینہ طور پر قتل کرکے ان کی لاشیں خشک کنویں میں پھینک دی گئی تھیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کیا تھا۔