مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا جس کے باعث بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق موسمی صورتحال کے پیش نظر گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس پر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس کا فیصلہ آگیا، عدالت نے ملزم عمر حیات کو کیا سزا سنائی؟

 

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ چترال اپر و لوئر، سوات، دیر اپر، کوہستان اپر اور مانسہرہ سمیت بالائی اضلاع میں موجود گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

بارشوں کا سلسلہ 23 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

 

ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

 

 

پی ڈی ایم اے نے مقامی آبادی اور سیاحوں کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی مشقیں کرانے، محفوظ انخلائی مراکز فعال رکھنے اور ریسکیو اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

 

ترجمان نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ پانی کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی، کیچڑ یا پتھروں کی غیر معمولی آوازوں کی صورت میں فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔

 

 

پی ڈی ایم اے نے حساس علاقوں میں مویشیوں اور ضروری سامان کو بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے جبکہ کمیونٹی الرٹ سسٹم فعال رکھنے پر زور دیا ہے۔

 

ترجمان کے مطابق این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو سمیت متعلقہ اداروں کو ممکنہ سڑک بندشوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

 

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔