پشاور میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ایک اہم جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے موجودہ صورتحال پر بات کی اور حل تلاش کرنے کے طریقے پر تبادلہ خیال کیا۔

 

شرکاء نے پاک افغان تعلقات میں بڑھتے ہوئے تناؤ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کشیدگی میں اضافہ خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے، اس لیے فوری اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

 

جرگے میں زور دیا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کو اپنے تمام مسائل کا حل طاقت یا تصادم کے بجائے مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے تلاش کرنا چاہیے۔

 

 مقررین کے مطابق جنگ اور جھڑپیں مسائل حل نہیں کرتیں بلکہ عام لوگوں کی مشکلات بڑھا دیتی ہیں۔

 

شرکاء نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہر قسم کی کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال کا فوری خاتمہ کیا جائے اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ سرحدی علاقوں کے عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

 

جرگے میں پاک افغان بارڈر کو فوری طور پر تجارت اور آمد و رفت کے لیے کھولنے پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء کے مطابق بارڈر کی بندش سے کاروبار متاثر ہو رہا ہے، جس سے ہزاروں افراد کا روزگار خطرے میں پڑ گیا ہے اور معیشت پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔

 

مقررین نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ پاکستان اور افغانستان برادر ہمسایہ ممالک ہیں اور سرحد کے دونوں طرف کے لوگ مشترکہ دینی، ثقافتی اور سماجی اقدار رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ تاریخی رشتے مضبوط ہیں، اس لیے کشیدگی عوام کے لیے باعث تشویش ہے۔

 

جرگے کے منتظمین کے مطابق اس نشست کا مقصد مختلف طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے باہمی مشورے اور دانشمندانہ اقدامات کے ذریعے امن کے لیے عملی تجاویز پیش کرنا تھا۔

 

جرگے کے اختتام پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اس قسم کے مکالمے جاری رکھے جائیں گے تاکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دیرپا اور مثبت تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔

 

شرکاء نے زور دیا کہ چاہے حالات جنگ کے ہوں یا امن کے، دونوں ممالک کو باہمی تجارت کو فروغ دینا چاہیے کیونکہ یہی خطے کی خوشحالی اور عوام کی فلاح کی ضمانت ہے۔

 

یہ جرگہ پشاور یونیورسٹی کے ایریا اسٹڈی سنٹر میں ہوا، جس کا اہتمام غیر سرکاری تنظیم اسپائر اور قومی اصلاحی تحریک نے کیا، جبکہ میزبانی سابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ارباب شہزاد نے کی۔ 

 

جرگے میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں و کارکنان، قبائلی عمائدین، دینی شخصیات، سماجی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔