چارسدہ کی تحصیل شبقدر کے علاقے الاداد خیل میں خواتین کے معاملے پر دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ مسجد الادادخیل کوزکندی کے قریب پیش آیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق تنازع شدت اختیار کرنے پر دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی۔ فریق اول سے پرویز ولد مہر دل اور عنایت اللہ ولد جان محمد جبکہ فریق دوم سے اعجاز ولد طورسم اور ذاکر ولد اعجاز جاں بحق ہوئے۔ تمام مقتولین ساکن الادادخیل تھے۔
یہ بھی پڑھیے: چارسدہ: مدرسے کے 14 سالہ طالب علم کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی، قاری گرفتار
چارسدہ پولیس کے ترجمان صفی اللہ کے مطابق یہ واقعہ پرانی دشمنی کی وجہ سے ہوا۔ ان کے بقول 1997 میں خواتین کے معاملے پر دونوں فریقین کے درمیان جھگڑا شروع ہوا تھا، جو وقت کے ساتھ ختم ہونے کے بجائے آج تک جاری رہا، اور اسی دشمنی کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں ہوئیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ تاحال تھانے کو ایف آئی آر کے لیے باضابطہ مراسلہ موصول نہیں ہوا۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کی وجوہات اور حقائق جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر سیکیورٹی کے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
