پشتو کی معروف گلوکارہ نازیہ اقبال کے شوہر جاوید فضا اور بچوں نے پاکستان اوریجن کارڈ کے حصول کیلئے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
جاوید فضا نے بچوں سمیت پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جبکہ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ سیف اللہ محب کاکا خیل عدالت میں پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے: افغانستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پُرامن طور پر رہنا چاہتا ہے یا نہیں: وزیراعظم شہباز شریف
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نازیہ اقبال پاکستانی شہری ہیں جبکہ بچے بھی پاکستان میں پیدا ہوئے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق ان کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ موجود تھا تاہم خاندانی مسائل کی وجہ سے وہ بلاک ہو گیا۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کے پاس شادی اور بچوں کے پیدائش سرٹیفکیٹس موجود ہیں۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں پاکستان اوریجن کارڈ جبکہ بچوں کو سمارٹ کارڈ یا فارم بے جاری کیا جائے۔
عدالت نے کیس میں وفاقی حکومت اور متعلقہ فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ نازیہ اقبال اس وقت اپنے خاندان کے ہمراہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔
