جاپان کے سفارت خانے نے پاکستانی اساتذہ کے لیے ایم ای ایکس ٹی (MEXT) ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ 2026 کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اسکالرشپ جاپان کی وزارتِ تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی کی جانب سے پیش کی جا رہی ہے۔

 

اس اسکالرشپ کے تحت وہ پاکستانی اساتذہ درخواست دینے کے اہل ہیں جنہیں پرائمری یا سیکنڈری اسکول، سرکاری یا نجی اداروں میں کم از کم پانچ سال کا تدریسی تجربہ حاصل ہو۔ درخواست گزار کی عمر 35 سال یا اس سے کم ہونی چاہیے۔

 

اس تربیتی پروگرام کا مقصد پاکستانی اساتذہ کو جاپان میں اسکولی نظامِ تعلیم پر تحقیق کا موقع فراہم کرنا اور جاپانی ماہرین سے جدید تدریسی طریقۂ کار اور نئی تعلیمی تکنیکس سیکھنے کا موقع دینا ہے، تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری لا سکیں۔

 

ایم ای ایکس ٹی اسکالرشپ کے تحت منتخب اساتذہ کو جاپان کے نامزد تعلیمی اداروں میں نان ڈگری ٹیچرز ٹریننگ کورس میں شامل کیا جائے گا، جس کی مدت زیادہ سے زیادہ 18 ماہ ہوگی۔ کورس کی کامیاب تکمیل پر شرکاء کو متعلقہ جاپانی یونیورسٹی کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔

 

جاپان کے سفارت خانے کے مطابق اس اسکالرشپ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 فروری 2026 ہے، جبکہ پروگرام سے متعلق مزید تفصیلات سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

 

درخواست جمع کرانے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

https://www.pk.emb-japan.go.jp/itpr_en/MEXT_Teachers_Training.html