ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
یوم سیاہ کشمیر: پشاور سے پاراچنار تک کشمیریوں سے اظہار یکجہتی Home / خیبر پختونخوا /

یوم سیاہ کشمیر: پشاور سے پاراچنار تک کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

سپر ایڈمن - 27/10/2025 285
یوم سیاہ کشمیر: پشاور سے پاراچنار تک کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

  خیبر پختونخوا میں یوم سیاہ کشمیر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ پشاور کے علاوہ  پاراچنار اور  باقی  قبائلی اضلاع میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں حکومتی عہدیداروں، سول سوسائٹی، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

پشاور میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کی۔ شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے یکجہتی کے پیغامات درج تھے۔

 

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا جو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی تھی۔ اُن کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی ریاستی جبر کا سامنا کر رہے ہیں، مگر آزادی کی ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔

 

انہوں نے عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے میں موثر کردار ادا کرے۔ گورنر نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور ہم ان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے، اور خیبر پختونخوا کے عوام ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے۔

 

دوسری جانب قبائلی اضلاع میں بھی یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے ریلیاں اور تقریبات منعقد کی گئی۔  پاراچنار میں بھی یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ، قبائلی عمائدین اور شہریوں نے بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی۔

 

 اسرار ہائی سکول کے باہر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عامر نواز اور قبائلی عمائدین نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و بربریت قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خاموشی توڑ کر کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

 

عامر نواز کا کہنا تھا کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں اور ان کی حمایت ہر حال میں جاری رکھی جائے گی۔ ریلی میں شریک افراد نے کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے اور بھارت مخالف نعرے لگاتے رہے۔

تازہ ترین