پشاور، خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
کے ایم یو کے ترجمان کے مطابق ایم ڈی کیٹ میں مجموعی طور پر 39 ہزار 986 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 38 ہزار 447 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔ امتحان میں حاضری کی شرح 96 فیصد رہی۔
یونیورسٹی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے دوران ایک کیس یو ایف ایم (غیر اخلاقی عمل) کے تحت رپورٹ ہوا۔
نتائج کے مطابق 894 امیدواروں نے 170 سے 180 نمبروں کے درمیان اسکور کیا۔ مجموعی طور پر 53.26 فیصد امیدوار ایم بی بی ایس کے لیے جبکہ 58.43 فیصد امیدوار بی ڈی ایس میں داخلے کے اہل قرار پائے۔
کے ایم یو ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری اور نجی میڈیکل کالجز میں داخلے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔