کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ون آن ون ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
جیو نیوز کے مطابق ملاقات جمعے کے روز ہوئی، جس میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جاری اقدامات، سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ملاقات میں قبائلی اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان کی بروقت تکمیل کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ اور جامع لائحہ عمل ناگزیر ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے اگلے روز وزیراعلیٰ نے ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا، جس میں امن و امان سے متعلق فیصلوں پر مزید پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔