عارف احمد 

 

خیبرپختونخو ا کے  ضلع  بر سوات میں 13 سالہ بچی کی 45 سالہ شخص سے مبینہ زبردستی شادی اور تشدد کے معاملے میں پولیس نے بچی کے والد اور شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔ واقعے نے خیبر پختونخوا میں کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے موجودہ قانونی نظام اور مؤثر قانون سازی کی ضرورت سے متعلق سوالات اٹھا دیے ہیں۔

 

ڈی ایس پی خوازہ خیلہ کے مطابق 13 سالہ بچی اپنی والدہ کے ہمراہ پولیس کے پاس آئی اور شکایت درج کرائی کہ اس کی شادی 45 سالہ شخص سے زبردستی کرائی گئی، جبکہ شوہر اسے تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔ بچی کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے والد اور شوہر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے۔

 

ایف آئی آر کے مطابق بچی نے اپنے والد اور شوہر پر زبردستی شادی کرانے، تشدد اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ مقدمے میں چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 1929 کی دفعہ 4، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ 2010 کی دفعات 37 اور 53، جبکہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 506(ii) شامل کی گئی ہے۔

 

ڈی ایس پی خوازہ خیلہ کے مطابق دونوں نامزد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے اور کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

 

ایڈووکیٹ نیلم چٹان کے مطابق خیبر پختونخوا میں کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے تاحال نیا اور جامع قانون منظور نہیں کیا گیا، جبکہ ان کے بقول ملک کے دیگر صوبوں میں اس حوالے سے باقاعدہ قوانین منظور کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مؤثر قانون کی عدم موجودگی کے باعث کم عمری کی شادی کے متعدد واقعات رپورٹ نہیں ہو پاتے اور متاثرہ بچیاں اکثر قانونی کارروائی کے لیے سامنے نہیں آتیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت بھی ان کے پاس ایک 13 سالہ بچی کا کیس موجود ہے جو اپنے شوہر سے خلع لینا چاہتی ہے، تاہم ان کے مطابق اس معاملے میں ایف آئی آر درج نہیں ہو سکی کیونکہ کم عمری کی شادی سے متعلق مؤثر قانونی دفعات موجود نہیں ہیں۔

 

ایڈووکیٹ نیلم چٹان کے مطابق موجودہ واقعے میں چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 1929 کے تحت کارروائی کی گئی ہے، تاہم یہ قانون کئی دہائیاں پرانا اور کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے ناکافی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس قانون کے تحت سزا ایک ماہ قید اور ایک ہزار روپے جرمانہ ہے، جو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کافی نہیں۔

 

انہوں نے کم عمری کی شادی کے خلاف واضح قانون، سخت سزاؤں اور مؤثر قانونی تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں باقاعدہ قانون سازی سے ایسے واقعات کی روک تھام اور کم عمر بچیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

 

بر  سوات کا یہ واقعہ ایک بار پھر کم عمری کی شادی کے خلاف موجودہ قانونی دفعات کے نفاذ اور صوبے میں جامع قانون سازی کی ضرورت کو سامنے لایا ہے۔ ایک جانب پولیس نے بچی کی شکایت پر اس کے والد اور شوہر کو گرفتار کیا ہے، تو دوسری جانب قانونی ماہرین موجودہ قانون میں اصلاحات اور مؤثر قانونی تحفظ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔