پشاور کے علاقے گلبہار میں مقیم اور نوشہرہ سے تعلق رکھنے والی خاتون صحافی و اینکر ذکیہ خان نے آن لائن رشتے، نکاح، مقدمے اور جیل میں گزارے گئے دنوں کے بعد اپنے تجربے اور اس سے جڑے حالات سوشل میڈیا پر بیان کیے ہیں۔

 

ذکیہ خان خیبر ٹی وی، مشرق ٹی وی اور پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سمیت مختلف میڈیا اداروں میں بطور اینکر کام کر چکی ہیں۔ ان کے مطابق تقریباً 16 سال قبل شوہر سے خلع لینے کے بعد انہوں نے اپنے تین بیٹوں اور ایک بیٹی کی پرورش تنہا کی۔ ان کے ایک بیٹے کو خصوصی نگہداشت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بچوں کی تعلیم، صحت اور ضروریات پوری کرنے کے لیے مسلسل محنت کی۔

ذکیہ خان کے مطابق رواں سال ستمبر میں انہوں نے رشتوں کی آن لائن ایپ ’’موزا‘‘ انسٹال کی، جہاں کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک بزرگ شخص سے ان کی بات چیت شروع ہوئی۔ تقریباً ایک ماہ رابطے میں رہنے کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔ 3 اکتوبر کو آن لائن نکاح ہوا، جس کے بعد 17 اکتوبر کو وہ کراچی روانہ ہوئیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ نئی زندگی شروع کرنے کی امید میں پشاور میں اپنے گھر کا سامان بھی فروخت کردیا تھا۔ کراچی پہنچنے کے بعد پہلے سے طے شدہ انتظام کے تحت وہ اپنے شوہر کے ساتھ ایک فلیٹ میں رہنے لگیں، تاہم بچوں کو اپنے پاس رکھنے کے معاملے پر دونوں کے درمیان اختلاف پیدا ہوگیا۔ ان کے مطابق شوہر نے دو بیٹوں کو ہاسٹل میں رکھنے اور دو بچوں کو اپنے پاس لانے کی تجویز دی، جس سے وہ متفق نہیں ہوئیں۔

ذکیہ خان کے بیان کے مطابق اختلاف کے بعد ان کے شوہر گھر سے چلے گئے اور وہ چار دن فلیٹ میں تنہا رہیں۔ پانچویں روز جب انہوں نے اپنا خریدا ہوا سامان سمیٹنا شروع کیا تو شوہر نے پولیس کو بلایا اور ان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کروایا۔

 

ذکیہ خان کے مطابق انہیں دو دن حوالات اور سات دن جیل میں گزارنے پڑے۔ انہوں نے حوالات میں سلوک اور پینے کے پانی کی عدم فراہمی سے متعلق بھی شکایت کی۔ ضمانت پر رہائی کے بعد وہ پشاور واپس اپنے بچوں کے پاس پہنچیں۔

 

پشاور واپسی کے بعد انہوں نے اپنے شدید ذہنی صدمے اور بے بسی کے احساسات بیان کیے۔ ان کے مطابق اس تجربے کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ سے گزریں، تاہم بچوں کی ذمہ داری اور ان کی فکر نے انہیں حالات کا سامنا کرنے کی ہمت دی۔

 

بعدازاں ذکیہ خان نے اپنے بال کٹوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جسے انہوں نے اپنے تجربے اور احتجاج کے اظہار کے طور پر پیش کیا۔ ان کے اس اقدام کے ذریعے انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے حالات اور اس کے اثرات کو سامنے لانے کی کوشش کی۔

ذکیہ خان نے لوگوں سے اپیل کی کہ آن لائن رشتے طے کرتے وقت احتیاط کریں، کسی بھی فیصلے میں جلدبازی سے گریز کریں اور قابل اعتماد افراد کی مشاورت کو اہمیت دیں ۔