پشاور: خیبرپختونخوا کے سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بورڈ (ایس آئی ڈی بی) کا 109واں اجلاس ایک سال سے زائد عرصے کے تعطل کے بعد منعقد ہوا، جس میں صوبے کی چھوٹی صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کی صدارت مشیر برائے صنعت و حرفت اور بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ارشاد نے کی۔ اجلاس میں صنعتی زونز سے تجاوزات فوری ہٹانے اور پشاور انڈسٹریل پارک کے لیے رابطہ سڑک تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی۔
بورڈ کے آئندہ اجلاسوں کے لیے سرگرمیوں کا سالانہ کیلنڈر بنانے، تمام امور کو ڈیجیٹلائز کرنے اور ملازمین کے سروس اسٹرکچر، اعزازیے اور پنشن سے متعلق مسائل حل کرنے پر بھی اصولی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا آرٹس اینڈ کرافٹس گیلری اسلام آباد میں صرف صوبے کی تیار کردہ مصنوعات رکھنے کی منظوری بھی دی گئی۔
ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا کہ صنعتوں اور صنعت کاروں کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے۔ ان کے مطابق جاری کاروبار بند کرنے کے بجائے انہیں قانونی دائرے میں لانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
