ماہ نور راحت

 

پاکستان میں رحم کے منہ کے کینسر سے بچاؤ کے لیے ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) ویکسینیشن مہم کے آغاز کے بعد والدین کے ذہنوں میں کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔ خاص طور پر یہ خدشات سامنے آ رہے ہیں کہ نو سے چودہ سال کی بچیوں کو یہ ویکسین کیوں دی جا رہی ہے؟ کیا اس سے مستقبل میں شادی، حمل یا ماں بننے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے؟ اور اگر یہ وائرس مردوں کو بھی متاثر کرتا ہے تو لڑکوں کو ویکسین کیوں نہیں لگائی جا رہی؟

ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) ایک عام وائرس ہے جس کی مختلف اقسام انسانی جسم کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ان میں سے بعض اقسام رحم کے منہ (سروکس) کے کینسر کا سبب بنتی ہیں۔ پاکستان میں ہر سال تقریباً پانچ ہزار خواتین اس بیماری کا شکار ہوتی ہیں، جبکہ لگ بھگ تین ہزار خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔ یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ سروائیکل کینسر خواتین کی صحت کا ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس سے بچاؤ کے اقدامات کتنے ضروری ہیں۔

 

طبی ماہرین کے مطابق نو سے چودہ سال کی عمر میں ویکسین لگانے کا مقصد بچیوں کو وائرس سے ممکنہ سامنا ہونے سے پہلے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس عمر میں جسم کا مدافعتی نظام ویکسین کے خلاف بہتر ردعمل پیدا کرتا ہے، جس سے وائرس کی مخصوص اقسام سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔ اسی لیے دنیا بھر میں اس عمر کے بچوں کو ایچ پی وی ویکسینیشن کے لیے ترجیح دی جاتی ہے۔

والدین کا سب سے بڑا خدشہ یہ ہے کہ آیا اس ویکسین سے مستقبل میں بانجھ پن یا حمل کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں؟ دستیاب طبی شواہد اور تحقیق کے مطابق ایچ پی وی ویکسین اور بانجھ پن کے درمیان کوئی ثابت شدہ تعلق موجود نہیں۔ اس کے برعکس، یہ ویکسین سروائیکل کینسر سے بچاؤ میں مدد دیتی ہے، کیونکہ اس بیماری کی بعض صورتوں میں علاج کے دوران رحم نکالنے کی ضرورت بھی پیش آ سکتی ہے، جس سے عورت کی مستقبل میں حمل ٹھہرنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر بلال کے مطابق ہر ویکسین کا مقصد جسم کے مدافعتی نظام کو کسی مخصوص وائرس یا بیماری کے خلاف تیار کرنا ہوتا ہے۔ ایچ پی وی ویکسین بھی اسی اصول کے تحت کام کرتی ہے اور سروائیکل کینسر کا سبب بننے والی وائرس کی مخصوص اقسام سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ ڈاکٹر بلال کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے علاقے میں اسکول جانے والے متعدد بچوں کو یہ ویکسین لگوائی ہے اور ان کے مشاہدے میں کوئی غیر معمولی مسئلہ سامنے نہیں آیا۔

طبی معلومات کے مطابق ویکسین لگوانے کے بعد بازو میں درد، ہلکی سوجن یا بخار جیسی عارضی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں، جو عموماً خود ہی ٹھیک ہو جاتی ہیں۔ تاہم کسی بھی ویکسین کی طرح غیر معمولی ردعمل کی صورت میں طبی مشورہ لینا ضروری ہے۔

 

یہ سمجھنا بھی درست نہیں کہ ایچ پی وی صرف خواتین کو متاثر کرتا ہے۔ مرد بھی اس وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں، تاہم پاکستان کی موجودہ مہم میں نو سے چودہ سال کی بچیوں کو بنیادی ہدف بنایا گیا ہے، کیونکہ اس کا مرکزی مقصد سروائیکل کینسر سے بچاؤ ہے۔ دنیا کے کئی ممالک میں لڑکوں کو بھی یہ ویکسین دی جاتی ہے تاکہ انہیں وائرس سے ہونے والی دیگر بیماریوں سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

 

پاکستان میں ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا آغاز ستمبر 2025 میں کیا گیا تھا۔ اس کے پہلے مرحلے میں پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کو شامل کیا گیا، جبکہ دوسرے مرحلے میں خیبر پختونخوا میں 11 نومبر 2026 سے ویکسینیشن مہم شروع کی گئی، جو 24 نومبر تک جاری رہے گی۔ اس مرحلے میں تقریباً 29 لاکھ بچیوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تیسرے مرحلے میں بلوچستان اور گلگت بلتستان کو شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔ یہ ویکسین عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے تعاون سے پاکستان میں فراہم کی جا رہی ہے۔

 

ایچ پی وی ویکسین کے حوالے سے والدین کے خدشات دور کرنے کے لیے صرف مہم چلانا کافی نہیں، بلکہ انہیں مستند طبی معلومات فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔ متعلقہ حکام اور طبی ماہرین کو چاہیے کہ وہ ویکسین کے فوائد، ممکنہ مضر اثرات اور اس کی ضرورت کے بارے میں والدین کے سوالات کے واضح جواب دیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ معلومات کے بجائے مستند طبی تحقیق اور ماہرین کی رائے کو اہمیت دینا ضروری ہے، تاکہ والدین اپنی بچیوں کی صحت کے بارے میں درست معلومات کی بنیاد پر فیصلہ کر سکیں۔