کرک: مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان سمیر کے ورثا نے نمازِ جنازہ کے بعد لاش تبی خواہ کے مقام پر انڈس ہائی وے پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا، جس کے باعث کراچی تا پشاور شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔
احتجاج کی قیادت کرک تحریکِ انقلاب کے چیئرمین آفتاب خان خٹک کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے سمیر کو جان بوجھ کر قتل کیا۔ انہوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات، مبینہ ماورائے عدالت قتل میں ملوث اہلکاروں کی گرفتاری اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ورثا کا کہنا ہے کہ انصاف ملنے تک احتجاج جاری رہے گا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز تھانہ صابرآباد کی حدود میں زیبی ڈیم کے قریب ناکہ بندی کے دوران پولیس اور موٹرسائیکل سواروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں سمیر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا اور بعدازاں دم توڑ گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ سمیر قتل، اقدامِ قتل، ڈکیتی، ہوائی فائرنگ اور چوری سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھا، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب سمیر کے ورثا نے پولیس کا مؤقف مسترد کردیا ہے۔
