پشاور: تھانہ پندو کی حدود سے تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل لاپتہ ہونے والی مناہل کو پولیس نے اسلام آباد کے علاقے ترنول سے بازیاب کرا لیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکی اور سوات سے تعلق رکھنے والے نوجوان کے درمیان آن لائن ویڈیو گیم کے ذریعے رابطہ ہوا، جو بعد میں تعلق میں تبدیل ہوگیا۔ پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق مناہل نے ساتویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد پڑھائی چھوڑ دی تھی، جبکہ گرفتار نوجوان غیر شادی شدہ ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں دونوں کی جانب سے زبانی نکاح کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ نکاح یا کورٹ میرج سے متعلق کوئی دستاویز یا ثبوت نہیں ملا۔ پولیس کے مطابق نوجوان مناہل کو اسلام آباد لے جانے کے بعد اس کی ٹک ٹاک ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرتا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے مناہل کا سراغ لگایا گیا، جس کے بعد اسے اسلام آباد سے بازیاب کرایا گیا۔ بازیاب لڑکی کو تحفظ کے لیے دارالامان منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ گرفتار نوجوان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ کیس سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔