راولپنڈی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں سلو اوور ریٹ پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے پوائنٹس بھی منہا کرلیے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق سری لنکن ٹیم مقررہ وقت میں 15 اوورز کم کرانے کی مرتکب ہوئی، جس پر کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ پاکستانی ٹیم پانچ اوورز پیچھے رہی، جس کے باعث کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ کیا گیا۔
سلو اوور ریٹ کے باعث سری لنکا کے 15 اور پاکستان کے پانچ پوائنٹس بھی منہا کیے گئے ہیں۔ اس کٹوتی کے بعد سری لنکا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی درجہ بندی میں ساتویں سے آٹھویں نمبر پر آگیا ہے، جبکہ اس کے پوائنٹس کا تناسب 33.33 فیصد سے کم ہوکر 15.47 فیصد رہ گیا ہے۔ پاکستان 3.33 فیصد پوائنٹس تناسب کے ساتھ نویں اور آخری نمبر پر موجود ہے۔
آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت مقررہ وقت میں ہر اضافی اوور نہ کرانے پر کھلاڑیوں کی میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد ہوتا ہے، جس کی زیادہ سے زیادہ حد 50 فیصد ہے، جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے قواعد کے مطابق ہر کم اوور پر ایک پوائنٹ منہا کیا جاتا ہے۔
دونوں ٹیموں کے خلاف کارروائی امارات آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کے ڈین کوسکر نے کی۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے اپنی ٹیموں کی جانب سے خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزائیں قبول کرلیں، جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
