پشاور: سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے قائم ابابیل فورس میں پولیس حکام نے افرادی قوت تبدیل کردی ہے، جس کے تحت فورس کے اہلکاروں کو مختلف تھانوں میں واپس تعینات جبکہ تھانوں میں جنرل ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کو ابابیل فورس کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق انتظامی وجوہات اور مختلف شکایات کے باعث یہ تبدیلی کی گئی ہے۔ ابابیل فورس شہر میں راہزنی اور دیگر جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے قائم کی گئی تھی۔ اہلکاروں کو اس مقصد کے لیے موٹرسائیکلیں، اسلحہ اور دیگر ضروری سامان بھی فراہم کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹریٹ کرائمز میں خاطر خواہ کمی نہ آنے کے باعث فورس کے اہلکاروں کی ذمہ داریوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
جن تھانوں سے اہلکاروں کو تبدیل کیا گیا ہے، ان میں بڈھ بیر، ارمڑ، داودزئی، تاتارا، سربند، انقلاب، ناصر باغ، رحمان بابا، شاہ پور، پھندو، متھرا، ریگی، آر ایم ٹی، آغا میر جانی شاہ، متنی، کوتوالی، خزانہ، گلبرگ اور غربی سمیت دیگر تھانے شامل ہیں۔
اس معاملے پر پولیس حکام سے مؤقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم خبر کی تیاری تک ان کا جواب موصول نہیں ہوسکا۔
