سوات: سیدو شریف اسپتال میں خفیہ ادارے کے نام سے جعلی خط کے ذریعے سیکیورٹی انچارج کی تعیناتی کرانے کا معاملہ سامنے آگیا، جس پر پولیس نے دو سیکیورٹی گارڈز کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق جعلی خط میں سعید علی نامی اہلکار کو اسپتال کا سیکیورٹی انچارج مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جس پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے اسے عہدے پر تعینات کردیا۔ بعد ازاں تصدیق میں خط جعلی ثابت ہوا۔
تحقیقات میں مبینہ طور پر دو سیکیورٹی گارڈز سعید علی اور فیاض کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
