اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے وفاقی سول پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے 50 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔

 

اے ڈی بی کے مطابق اس قرض کا مقصد پنشن اخراجات کے باعث قومی خزانے پر بڑھتے مالی دباؤ کو کم کرنا اور پنشن نظام کو پائیدار بنانا ہے۔

 

بینک کے اعلامیے کے مطابق پاکستان کے وفاقی پنشن اخراجات مالی سال 2016 سے اب تک تقریباً پانچ گنا بڑھ چکے ہیں اور سالانہ ایک ہزار ارب روپے سے تجاوز کرگئے ہیں۔

 

قرض سے پنشن نظام کی بہتری، انتظامی امور میں شفافیت اور ڈیجیٹل نظام کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ یکم جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی سول ملازمین کے لیے متعارف کرائے گئے نئے شراکتی پنشن نظام پر عمل درآمد میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔

 

اے ڈی بی کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ایما فین کے مطابق پاکستان نے وفاقی پنشن نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں اور یہ پروگرام اصلاحات کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔