پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے شین ڈائٹز کو نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے، جو ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ دو طرفہ سیریز سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
شین ڈائٹز اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔ ان کی کوچنگ میں ویسٹ انڈیز نے 2024 اور 2026 کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
51 سالہ آسٹریلوی کوچ بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں۔ وہ نیوزی لینڈ میں کرکٹ ویلنگٹن کے ہائی پرفارمنس کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
شین ڈائٹز نے پاکستان ویمنز ٹیم کی کوچنگ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2028 میں پاکستان میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کو عالمی معیار کی کارکردگی دکھانے کے قابل بنانا ان کا ہدف ہے۔
