پشاور: انجمن زمینداران ضلع مہمند نے محکمہ زراعت کے بعض افسران پر زرعی سبسڈی میں مبینہ بے ضابطگیوں، زمینداروں کے اکاؤنٹس سے لاکھوں روپے نکلوانے اور ناقص مشینری فراہم کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

 

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انجمن کے چیئرمین گلاب شیر نے کہا کہ لینڈ لیولنگ، سولرائزیشن، واٹر ٹینک اور ٹیوب ویل کی فراہمی کے منصوبوں میں مبینہ طور پر من پسند افراد کو نوازا گیا، جبکہ مستحق زمینداروں کو سرکاری سبسڈی سے محروم رکھا گیا۔

 

ان کا الزام تھا کہ بعض افسران نے ان پڑھ زمینداروں کی چیک بکس اپنے پاس رکھی ہوئی ہیں اور زمینوں کی ہمواری کے لیے چند گھنٹوں تک ٹریکٹر چلانے کے عوض ان کے اکاؤنٹس سے لاکھوں روپے نکلوائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمینداروں کو من پسند کمپنیوں کے ذریعے بھاری قیمت پر ناکارہ مشینری بھی فراہم کی گئی۔

 

گلاب شیر کے مطابق انجمن نے مبینہ کرپشن کے شواہد کے ساتھ سیکرٹری زراعت کو سول سیکرٹریٹ پشاور میں درخواستیں جمع کرائیں، تاہم ان کے بقول شکایات غائب ہوگئیں اور ان پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

 

انہوں نے گورنر خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں، مبینہ طور پر رقم نکلوانے اور غیر مستحق افراد کو سبسڈی دینے میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرہ زمینداروں کی رقم واپس دلائی جائے۔