خیبرپختونخوا کے 1501 سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات اور تعلیمی کارکردگی کی صورتحال غیر تسلی بخش قرار دیے جانے کے بعد محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

 

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے ان منتخب اسکولوں میں پینے کے پانی، واش رومز اور بجلی کی دستیابی سمیت اساتذہ اور طلبہ کی حاضری اور طلبہ و اساتذہ کے تناسب (اسٹوڈنٹ ٹیچر ریشو) کا جائزہ لیا گیا، جس میں مختلف خامیوں کی نشاندہی ہوئی۔

محکمہ کے 11ویں ڈسٹرکٹ سروس ڈلیوری کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان 1501 اسکولوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ماہانہ بنیادوں پر نگرانی کی جائے گی۔

 

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر مذکورہ خامیوں کو دور کرکے ان اشاریوں میں 100 فیصد بہتری یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

 

اس سلسلے میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (مرد و خواتین) کو متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ مل کر مسائل حل کرنے اور آئندہ ہفتے تک پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ان 1501 سرکاری اسکولوں کی ماہانہ نگرانی ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی (ای ایم اے) کے ذریعے کی جاتی ہے۔