پانی انسانی جسم کی بنیادی ضرورت ہے اور اس کی مناسب مقدار جسم کے معمول کے افعال برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ امریکی ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کے مطابق پانی جسم کا درجہ حرارت معمول پر رکھنے، جوڑوں کو حرکت کے دوران سہارا دینے اور پیشاب، پسینے اور آنتوں کے ذریعے فاضل مادوں کے اخراج میں مدد دیتا ہے۔ مناسب پانی نہ پینے سے جسم میں پانی کی کمی ہوسکتی ہے، جس کے باعث ذہنی توجہ متاثر ہونے، تھکاوٹ، قبض اور گردے میں پتھری کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

امریکی نیشنل اکیڈمیز کی غذائی سفارشات کے مطابق 19 سے 30 سال کی خواتین کے لیے روزانہ مجموعی طور پر تقریباً 2.7 لیٹر جبکہ مردوں کے لیے 3.7 لیٹر پانی مناسب مقدار قرار دی گئی ہے۔ اس میں صرف سادہ پانی ہی نہیں بلکہ دیگر مشروبات اور خوراک میں موجود پانی بھی شامل ہے۔ اس تحقیق کے مطابق خواتین تقریباً 9 کپ اور مرد 13 کپ مشروبات سے حاصل کرسکتے ہیں۔ تاہم ماہرین واضح کرتے ہیں کہ ہر شخص کے لیے روزانہ آٹھ گلاس پانی پینے کا اصول یکساں نہیں، کیونکہ موسم، جسمانی سرگرمی اور صحت کے حالات پانی کی ضرورت تبدیل کرسکتے ہیں۔

امریکی ادارے میو کلینک کے مطابق پانی کی ضرورت کا اندازہ پیاس اور جسم کی کیفیت سے بھی لگایا جاسکتا ہے۔ پیشاب کا ہلکا پیلا رنگ عموماً مناسب مقدار میں پانی حاصل ہونے کی علامت سمجھا جاتا ہے، جبکہ گہرے رنگ کا پیشاب پانی کی کمی کی نشاندہی کرسکتا ہے۔ گرم موسم، ورزش اور زیادہ پسینہ آنے کی صورت میں پانی کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ دن بھر وقفے وقفے سے پانی پیا جائے اور میٹھے مشروبات کے بجائے سادہ پانی کو ترجیح دی جائے۔ البتہ ضرورت سے زیادہ پانی پینا بھی مناسب نہیں۔