خولہ ذرافشاں

 

اکثر والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچے وہی مضامین پڑھیں جو وہ خود پسند کرتے ہیں۔ آٹھویں جماعت کے بعد جب بچے کو اگلی جماعت کے لیے مضامین منتخب کرنے ہوتے ہیں تو والدین کی اکثریت اسے میڈیکل سائنس یا پری انجینئرنگ کی طرف راغب کرتی ہے، کیونکہ ان کے خیال میں عزت، شہرت اور دولت حاصل کرنے کے لیے یہی دو شعبے بہترین ہیں۔

 

والدین چاہتے ہیں کہ بچے ان کی مرضی کے مطابق مضامین منتخب کریں، چاہے ان کی اپنی دلچسپی ہو یا نہ ہو۔ حالانکہ جب کسی بچے کو اس کی دلچسپی کے خلاف مضامین پڑھنے پر مجبور کیا جاتا ہے تو وہ ذہنی دباؤ اور الجھن کا شکار ہو سکتا ہے۔ ایسے میں اس کی پڑھائی متاثر ہوتی ہے، وہ پوری توجہ نہیں دے پاتا اور بعض اوقات اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی بھی نہیں دکھا پاتا۔ بچے کی بہتر کارکردگی کا تعلق اس کی دلچسپی، شوق اور محنت سے ہوتا ہے۔ وہ اسی مضمون میں زیادہ توجہ دے سکتا ہے جسے پڑھنے میں اسے خوشی محسوس ہو۔

میری بیٹی نے جیسے ہی آٹھویں جماعت پاس کی، ہمارے گھر میں بھی یہی بحث شروع ہوگئی کہ وہ آگے کون سے مضامین پڑھے گی۔ اس کے والد کی خواہش تھی کہ وہ میڈیکل سائنس کا انتخاب کرے، جبکہ بچی خود کمپیوٹر سائنس پڑھنا چاہتی تھی۔ میری خواہش تھی کہ اسے اپنی پسند کے مطابق مضمون منتخب کرنے کا موقع دیا جائے۔

 

اس سلسلے میں، میں نے اس کے استاد سے ملاقات کی اور پوچھا کہ میری بیٹی کن مضامین میں زیادہ بہتر کارکردگی دکھاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ تمام مضامین میں اچھی ہے، لیکن کمپیوٹر کے ٹیسٹ اور امتحان میں پورے نمبر حاصل کرتی ہے۔ استاد کے مطابق اس کی دلچسپی بھی کمپیوٹر سائنس میں ہے اور آنے والے دور میں اس شعبے کی اہمیت مزید بڑھے گی، اس لیے اسے اپنی پسند کے مطابق کمپیوٹر سائنس پڑھنے دینا چاہیے۔ چنانچہ ہم نے اس کا داخلہ کمپیوٹر سائنس میں کروا دیا۔

 

اسی طرح آفرین، جو آٹھویں جماعت کی طالبہ ہے، نے اپنی والدہ سے کہا کہ وہ نویں جماعت میں آرٹس کے مضامین پڑھنا چاہتی ہے۔ اس کی والدہ ایف جی کالج میں ریاضی کی استاد ہیں۔ انہوں نے بیٹی کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے کہا کہ وہ جو بھی مضمون منتخب کرے، اسے دلچسپی اور محنت سے پڑھے اور اچھی کارکردگی دکھائے۔

 

ہمارے معاشرے میں آج بھی آرٹس کے مضامین کو سائنس کے مقابلے میں کم اہم سمجھا جاتا ہے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ صرف میڈیکل یا انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے ہی کامیاب ہو سکتے ہیں، حالانکہ کامیابی کا تعلق صرف کسی مخصوص ڈگری یا شعبے سے نہیں بلکہ انسان کی صلاحیت، محنت اور اپنے کام سے دلچسپی سے بھی ہوتا ہے۔ بہت سے لوگ اعلیٰ ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود اپنی توقعات کے مطابق کامیابی حاصل نہیں کر پاتے، جبکہ آرٹس سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والے افراد بھی بڑے عہدوں اور نمایاں مقام تک پہنچتے ہیں۔

بچوں کو اپنی پسند کے مضامین منتخب کرنے کی آزادی دینی چاہیے، کیونکہ جب وہ اپنی دلچسپی کے مطابق پڑھتے ہیں تو تعلیم ان کے لیے بوجھ کے بجائے شوق بن جاتی ہے۔ وہ اپنے پسندیدہ مضمون پر زیادہ توجہ دیتے ہیں، سوالات کرتے ہیں اور خود سے مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پہلے سے موجود دلچسپی اور بنیادی معلومات کی وجہ سے وہ نئی باتیں بھی نسبتاً آسانی سے سمجھ لیتے ہیں اور زیادہ دیر تک یاد رکھتے ہیں۔

 

جب تعلیم کے ساتھ شوق اور دلچسپی شامل ہو جائے تو بچہ صرف امتحان پاس کرنے کے لیے نہیں بلکہ علم حاصل کرنے اور کچھ نیا سیکھنے کے لیے پڑھتا ہے۔ یہی جذبہ اسے نئے خیالات پیدا کرنے، اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور اپنے منتخب شعبے میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے میں مدد دیتا ہے۔

اس لیے والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں پر اپنی پسند مسلط کرنے کے بجائے ان کی دلچسپی، صلاحیت اور رجحان کو سمجھیں۔ انہیں اپنی رائے کا احترام کرنے، درست رہنمائی دینے اور اپنے پسندیدہ شعبے میں آگے بڑھنے کا موقع دیں، کیونکہ بچوں کا مستقبل والدین کے ادھورے خواب پورے کرنے کے لیے نہیں بلکہ ان کی اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ہونا چاہیے۔