سید ندیم مشوانی
خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے امان گڑھ سے لاپتہ ہونے والی 17 سالہ تمنا جاوید کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تھانہ پبی کی حدود میں وزیرگڑھی نہر سے 4 نومبر کو ملنے والی نامعلوم لاش کی شناخت تمنا جاوید کے والد جاوید اقبال نے اپنی بیٹی کے طور پر کی ہے، تاہم حتمی شناخت کے لیے ڈی این اے رپورٹ کا انتظار ہے۔

تمنا جاوید کے والد کی جانب سے ان کے وکیل محمد اعجاز سالار ایڈووکیٹ نے قبر کشائی کے لیے درخواست تحصیل کورٹ پبی میں جمع کرا دی ہے۔ پولیس نے جاوید اقبال اور ان کی اہلیہ کے ڈی این اے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔
شعبہ تفتیش کے انچارج ایس پی احسان شاہ کے مطابق نامعلوم مقتولہ کے ڈی این اے نمونے پہلے ہی لیبارٹری بھجوائے جا چکے تھے، جبکہ اب جاوید اقبال اور ان کی اہلیہ کے نمونے بھی بھجوا دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ایس پی احسان شاہ نے تصدیق کی کہ نامعلوم مقتولہ کا پوسٹ مارٹم کیا جا چکا ہے، جس میں موت کی وجہ پیٹ میں پانی بھرنا بتائی گئی ہے۔ ان کے مطابق جسم پر تشدد یا گولی لگنے کے نشانات نہیں پائے گئے۔
تمنا جاوید کے والد رکشہ ڈرائیور ہیں، جنہوں نے بیٹی کی باحفاظت بازیابی کے لیے سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کی تھی، جسے کافی مقبولیت حاصل ہوئی۔ پولیس نے تھانہ اضاخیل میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 365 کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے واجد عباسی کو مقدمے میں نامزد کیا، تاہم وہ بے گناہ قرار پائے، جس کے بعد تمنا جاوید کے والد جاوید اقبال نے ان کے ساتھ عدالت میں راضی نامہ کر لیا۔
جاوید اقبال کے وکیل محمد اعجاز سالار ایڈووکیٹ کے مطابق والد نے نہر سے ملنے والی لاش کی شناخت اپنی لاپتہ بیٹی تمنا جاوید کے طور پر کی ہے، تاہم ان کا مؤقف ہے کہ پولیس لاش ورثا کے حوالے نہیں کر رہی، جس پر عدالت سے رجوع کیا جا رہا ہے۔
