پشاور پولیس نے شہر میں نجی جرگوں کے انعقاد پر پابندی عائد کرتے ہوئے ایسے اجتماعات منعقد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ نجی جرگوں کے لیے جگہ فراہم کرنے والے ہوٹلز اور شادی ہالز کو بھی سیل کرنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔
یہ فیصلہ کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) ڈاکٹر میاں سعید احمد کی زیر صدارت پولیس کارکردگی سے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں شہر کی امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او کے مطابق نجی جرگوں کے انعقاد کے حوالے سے متعدد شکایات اور واقعات سامنے آئے ہیں۔ ان اجتماعات کے دوران بعض اوقات فریقین کے درمیان تصادم، اسلحے کی نمائش اور فائرنگ کے واقعات پیش آتے ہیں، جس سے امن و امان کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تنازعات کے حل کے لیے پولیس کی نگرانی میں تنازعات کے حل کی کمیٹیاں (ڈی آر سیز) پہلے سے کام کر رہی ہیں، جو فریقین کے درمیان اختلافات دور کرنے میں معاونت فراہم کرتی ہیں۔ ان کمیٹیوں کی خدمات بلا معاوضہ دستیاب ہیں۔
ڈاکٹر میاں سعید احمد کا کہنا تھا کہ نجی جرگوں میں فریقین سے بھاری رقوم بطور ضمانت وصول کرنے اور دیگر اخراجات کا بوجھ ڈالنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ پولیس ایسے اجتماعات منعقد کرنے والوں کے ساتھ ساتھ انہیں جگہ فراہم کرنے والے ہوٹلز اور شادی ہالز کے خلاف بھی کارروائی کرے گی۔
اجلاس میں پولیس حکام کو اسٹریٹ کرائمز، منشیات فروشی، چھینا جھپٹی اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ سی سی پی او نے ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی غیر قانونی نمائش کے خلاف سخت اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
