وادی تیراہ میں شدید بارشوں کے باعث سڑک پر لینڈ سلائیڈنگ ہونے کے بعد  متاثرین کی واپسی کا عمل آج جمعہ، 13 نومبر 2026 کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

 

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وادی تیراہ میں گزشتہ روز ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں دوا توئی سے آگے دو سے تین مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہوگئی۔

صورتحال کے پیشِ نظر متاثرین کی حفاظت اور انہیں دورانِ سفر ممکنہ مشکلات سے بچانے کے لیے آج واپسی کا عمل روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آج مشینری اور عملے کی مدد سے دوا توئی سے آگے سڑک پر موجود ملبہ ہٹانے کا کام کیا جائے گا۔

 

مزید کہا گیا ہے کہ جاری کردہ فہرست میں شامل تمام اقوام کے 591 افراد آج باڑہ کے ناویہ کمر رجسٹریشن سینٹر نہ آئیں۔

 

راستہ بحال ہوتے ہی واپسی کی اگلی تاریخ اور نئی فہرست کے حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ واپسی کا عمل دوبارہ شروع ہونے پر سب سے پہلے انہی 591 افراد کی روانگی جاری کردہ فہرست کے مطابق ہوگی۔

یاد رہے کہ وادی تیراہ متاثرین کی واپسی شروع روزانہ 600 افراد کی فہرست جاری ہوگی، فی خاندان سے ایک فرد کو جانے کی اجازت ہوگی، ضلعی انتظامیہ خیبر نے واپس جانے والے متاثرین کو ٹوکن جاری کرنے کے لیے شین کمر باڑہ اور پائندہ چینہ اپر باڑہ کے مقام پر کیمپ قائم کیے گیے ہیں۔