کامران اللہ 

 

ایبٹ آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) پشاور زون نے ویزا فراڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک ملازمت کے ویزوں کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کرنے کے الزام میں متعدد مقدمات میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔

 

ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت سید علی نواز شاہ ولد سید شاہ نواز کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع ہری پور کے علاقے باگڑہ نمبر 1 کا رہائشی ہے۔

 

حکام کے مطابق ملزم کے خلاف امیگریشن آرڈیننس 1979 کے تحت ویزا فراڈ کے 8 مقدمات درج ہیں۔ اس پر شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت اور ویزوں کی فراہمی کا جھانسہ دے کر رقم وصول کرنے کا الزام ہے۔

 

ابتدائی تفتیش اور دستیاب ریکارڈ کے مطابق ملزم نے مختلف ممالک میں ملازمت کے ویزے فراہم کرنے کا وعدہ کرکے متعدد شہریوں سے مجموعی طور پر تقریباً 42 لاکھ روپے وصول کیے، تاہم رقم لینے کے باوجود مبینہ طور پر وعدے کے مطابق ویزے فراہم نہیں کیے، جس سے متاثرہ شہریوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

 

ایف آئی اے ٹیم نے خفیہ معلومات اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اسے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

حکام کے مطابق ملزم سے تفتیش جاری ہے تاکہ فراڈ میں ملوث دیگر ممکنہ افراد، متاثرین کی تعداد اور مالی لین دین سے متعلق مزید حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

 

ایف آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت یا ویزے کے حصول کے لیے کسی ایجنٹ کو رقم دینے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت اور متعلقہ دستاویزات کی تصدیق ضرور کریں تاکہ مالی فراڈ سے محفوظ رہ سکیں۔