اسلام آباد: جاپان نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں تعاون کے لیے 43 لاکھ امریکی ڈالر کی نئی امداد دینے کا اعلان کیا ہے، جس سے 2027 میں انسدادِ پولیو مہمات کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں خریدی جائیں گی۔
اسلام آباد میں جاپانی سفارت خانے کی جانب سے 13 نومبر کو جاری اعلامیے کے مطابق یہ رقم پاکستان کے انسدادِ پولیو پروگرام کے تحت ضروری ویکسین کی خریداری پر خرچ کی جائے گی۔
پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی قدرتی طور پر پھیلنے والے پولیو وائرس کی منتقلی مکمل طور پر نہیں رکی۔ تاہم ملک میں پولیو کے کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ 2024 میں 74، 2025 میں 31 کیسز سامنے آئے، جبکہ 2026 میں اب تک 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں سال سامنے آنے والے 8 کیسز میں سے 6 کا تعلق خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع سے ہے، جہاں بدامنی اور رسائی کی مشکلات کے باعث بچوں تک ویکسین پہنچانے میں رکاوٹیں درپیش ہیں۔
پولیو وائرس کی مسلسل موجودگی کے پیش نظر پاکستان نے شراکت دار اداروں کے تعاون سے 2026-27 کے لیے قومی ہنگامی لائحہ عمل تیار کیا ہے، جس کا مقصد 2027 کے اختتام تک وائرس کی منتقلی روکنا ہے۔ ملک گیر حفاظتی ٹیکہ جات کی ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا جاتا ہے، جس کے لیے 4 لاکھ سے زیادہ طبی کارکن خدمات انجام دیتے ہیں۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے جاپان کی امداد کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر ویکسین کی خوراک پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے ہدف کے قریب لے جائے گی۔ انہوں نے جاپان کی حکومت اور عوام کے مسلسل تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔

پاکستان میں جاپان کے سفیر آکامَاتسو شوئیچی نے کہا کہ جاپان 1996 سے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں تعاون کر رہا ہے۔ ان کے مطابق نئی امداد گزشتہ سال کے مقابلے میں بڑھائی گئی ہے اور جاپان 2027 کے اختتام تک پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کے پاکستان کے ہدف کی حمایت کرتا ہے۔
جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے پاکستان میں چیف نمائندے یوسوکے شینوزاکی نے پاکستان کی حکومت، طبی کارکنوں، یونیسف اور دیگر شراکت داروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام بچوں تک ویکسین پہنچانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
پاکستان میں یونیسف کی نمائندہ پرنیل آئرن سائیڈ کے مطابق جاپان کی امداد سے پولیو کے خاتمے کے لیے مؤثر حفاظتی ٹیکہ جات کی مہمات جاری رکھنے اور وائرس کی منتقلی روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے تک ویکسین پہنچانا پولیو سے پاک مستقبل کی جانب پیش رفت کے لیے ضروری ہے۔
جاپان 1996 سے پاکستان کے انسدادِ پولیو پروگرام کا شراکت دار ہے اور اس عرصے کے دوران یونیسف کے ذریعے امداد اور قرضوں کی صورت میں 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے زائد فراہم کر چکا ہے۔
