عمان میں جاری اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کل ہفتے کو مدمقابل ہوں گی۔ دونوں روایتی حریفوں نے سیمی فائنلز میں کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل کی دوڑ میں جگہ بنا لی ہے۔

 

پاکستان نے پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ 

 

دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ 

 

پاکستان گزشتہ ایڈیشن کا دفاعی چیمپئن ہے۔ گزشتہ سال 21 دسمبر کو دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس مقابلے میں سمیر منہاس نے 172 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

 

اب ایک بار پھر دونوں ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں پاکستان ٹائٹل کا دفاع کرنے جبکہ بھارت چیمپئن بننے کی کوشش کرے گا۔ فائنل عمان کے شہر العامرات میں کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگا۔