گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 35 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

 

اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں ان کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قومی عزم کا مظہر ہیں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔

 

گورنر نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی سیکیورٹی فورسز کی حکمت عملی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیاں کیں۔ پہلی کارروائی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں کی گئی، جہاں 35 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ دوسری کارروائی ضلع اورکزئی میں ہوئی، جس کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس طرح دونوں کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 43 ہوگئی۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔