خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے نواحی گاؤں کالا منجی والا میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول گزشتہ تین سے چار سال سے بند ہے۔ اسکول کی عمارت موجود ہونے کے باوجود بچیاں اپنے گاؤں میں تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں۔ بعض طالبات دوسرے گاؤں جانے پر مجبور ہیں، جبکہ فاصلے اور دیگر مشکلات کے باعث کئی بچیوں نے تعلیم ہی چھوڑ دی ہے۔

 

گاؤں کے بزرگ عبدالمناف کے مطابق، ان کی بیٹی سمیت ماضی میں اس اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے والی کئی بچیاں آج ایف ایس سی اور بی ایس کی سطح پر تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ ان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ مناسب تعلیمی سہولیات ملیں تو دیہی علاقوں کی بچیاں بھی آگے بڑھ سکتی ہیں، لیکن موجودہ نسل کو اپنے ہی گاؤں میں یہ موقع نہیں مل رہا۔

 

علاقے کے معاشرتی ماحول میں پردے کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے بچیوں کے لیے الگ تعلیمی ادارے کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

 

پانچویں جماعت کی طالبہ زنیرہ مجبوری کے تحت لڑکوں کے اسکول میں تعلیم حاصل کر رہی ہے، تاہم وہاں اسے جھجک اور شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔ اس کی والدہ اسے حوصلہ دیتی ہیں کہ حالات جیسے بھی ہوں، تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے۔ چوتھی جماعت کی طالبہ ایمان بھی گرلز اسکول بند ہونے کے باعث لڑکوں کے اسکول میں پڑھنے پر مجبور ہے۔

 

گزشتہ تین برسوں کے دوران خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت رہی، جس میں علی امین گنڈاپور اور بعد ازاں سہیل آفریدی وزیراعلیٰ رہے۔ اس دوران تعلیم کو حکومتی ترجیحات میں شامل کیا جاتا رہا، لیکن کالا منجی والا کا گرلز پرائمری اسکول بدستور بند رہا۔

یہ اسکول پشاور، کراچی انڈس ہائی وے پر کرم برج ٹول پلازہ سے محض ایک فرلانگ کے فاصلے پر واقع ہے۔ اسی شاہراہ سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا لانگ مارچ بھی گزرا تھا، جسے گاؤں کی بچیوں نے امید بھری نظروں سے دیکھا کہ شاید کوئی ان کے بند اسکول کا مسئلہ بھی اٹھائے، مگر ان کی یہ امید پوری نہ ہو سکی۔

 

گنڈی چوک سے پشاور کی جانب انڈس ہائی وے پر تقریباً چھ کلومیٹر سفر کرنے کے بعد دائیں جانب محض دو سو میٹر کے فاصلے پر یہ اسکول واقع ہے۔ مرکزی شاہراہ کے اتنے قریب ہونے کے باوجود اس کی بندش ایک اہم سوال ہے۔

 

اسکول کی عمارت کی تعمیر پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، لیکن اس کی تعمیراتی لاگت اور سالانہ اخراجات کے سرکاری اعدادوشمار دستیاب نہیں۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ عمارت موجود ہونے کے باوجود یہاں تدریسی سرگرمیاں کیوں بحال نہیں ہو سکیں؟

 

اس حوالے سے ایس ڈی ای او فیمیل صادقہ بی بی نے   بتایا کہ اسکول کو طالبات کی کم تعداد کے باعث ضم کیا گیا تھا، کیونکہ وہاں صرف 20 طالبات زیرِ تعلیم تھیں۔ ان کے مطابق محکمہ تعلیم نے متعدد مرتبہ مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور تجویز دی کہ بوائز اسکول میں زیرِ تعلیم طالبات کو اس گرلز اسکول میں منتقل کیا جائے، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔

صادقہ بی بی کا کہنا تھا کہ اسکول کے انضمام کے بعد اسے دوبارہ فعال کرنے کے لیے متعلقہ ڈیٹا بھی ارسال کیا گیا اور چوکیدار کے ذریعے مقامی لوگوں کو اپنی سطح پر کوشش کرنے کا کہا گیا، لیکن کمیونٹی کی جانب سے کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھائی گئی۔ ان کے مطابق اسکول دوبارہ کھولنے کے لیے مقامی کمیونٹی کی رضامندی ضروری تھی، اسی وجہ سے معاملہ تاحال زیرِ التوا ہے۔

 

مزید حیران کن بات یہ ہے کہ اسی گاؤں سے تعلق رکھنے والی خواتین اساتذہ دوسرے دیہات میں بچیوں کو تعلیم دے رہی ہیں، جبکہ ان کے اپنے گاؤں کی طالبات گرلز اسکول کی سہولت سے محروم ہیں۔ مقامی اسکول میں تدریسی عمل بحال ہونے سے بچیوں کو گھر کے قریب تعلیم مل سکتی ہے اور مقامی خواتین اساتذہ کی خدمات بھی اپنے علاقے میں حاصل کی جا سکتی ہیں۔

 

محکمہ تعلیم کے مطابق اسکول کی بحالی کے لیے مقامی کمیونٹی کی رضامندی ضروری ہے، جبکہ دوسری جانب گاؤں کی بچیاں اپنے ہی علاقے میں تعلیم حاصل کرنے کی خواہش مند ہیں۔ ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ محکمہ تعلیم اور مقامی آبادی مل بیٹھ کر طالبات کی تعداد، اساتذہ کی دستیابی اور اسکول کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لیں اور کوئی قابلِ عمل حل نکالیں۔

 

کالا منجی والا کا یہ اسکول محض ایک بند عمارت نہیں بلکہ ان بچیوں کے تعلیمی مستقبل کا سوال ہے جو اپنے گاؤں میں تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ محکمہ تعلیم اور مقامی کمیونٹی کے درمیان یہ تعطل کب ختم ہوتا ہے اور زنیرہ، ایمان سمیت دیگر بچیوں کو اپنے گاؤں کے گرلز اسکول میں پڑھنے کا موقع کب ملتا ہے۔