خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے بازار زخہ خیل میں ایک ہی خاندان کے پانچ بچوں کی پراسرار اموات کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ خیبر میڈیکل کالج (کے ایم سی) کی لیبارٹری رپورٹس کے مطابق ایک بچے کے نمونے میں زہریلے مادے (Poisonous Substance) کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق طبی ٹیسٹوں کی رپورٹس مزید تحقیقات اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر کو بھجوا دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ بازار زخہ خیل میں ایک ہی خاندان کے پانچ بچے پراسرار حالات میں جان کی بازی ہارگئےتھے، جبکہ دو دیگر بچے متاثر ہونے کے بعد زیرِ علاج رہے۔ واقعے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے محکمہ صحت نے ایک خصوصی طبی ٹیم بھی متاثرہ علاقے روانہ کی تھی۔
لیبارٹری رپورٹ میں زہریلے مادے کی موجودگی کی تصدیق کے بعد واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے پولیس کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی متوقع ہے۔
