پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کے طریقہ کار اور ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایس ایل 12 کا آغاز 18 مارچ 2027 کو ہوگا، جبکہ فائنل 2 مئی کو کھیلا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اہم اجلاس ہوا، جس میں لیگ کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر، فرنچائزز کے نمائندوں اور بورڈ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے سیزن کی تیاریوں، کھلاڑیوں کے انتخاب اور میچز کے انعقاد سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور ہائی کورٹ بار نے سانحہ دیر کالونی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور متاثرین کے لیے کیا مطالبات کیے؟
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو ہوگی، جبکہ کھلاڑیوں کو براہِ راست سائن کرنے کا مرحلہ 23 اکتوبر سے 23 نومبر تک جاری رہے گا۔
اس دوران ہر فرنچائز کو ایک مارکی پلیئر براہِ راست اپنے اسکواڈ میں شامل کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم اس کے لیے شرط ہے کہ متعلقہ کھلاڑی نے پی ایس ایل کے گزشتہ دو سیزنز میں شرکت نہ کی ہو۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ملک میں کرکٹ کا ایک بڑا پلیٹ فارم بن چکی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ سیزن کے اختتام پر شائقین کی ریکارڈ تعداد نے لیگ کی مقبولیت کو مزید واضح کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ اس مرتبہ پی ایس ایل کے میچز ملک کے مزید شہروں میں منعقد کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین کو مقابلے دیکھنے کا موقع مل سکے۔
پی سی بی نے پی ایس ایل سے قبل گولڈ اور سلور کیٹیگریز کے کھلاڑیوں پر مشتمل نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جبکہ آئندہ ہفتے لیگ کے متعلقہ فریقین کے لیے خصوصی کرکٹ ورکشاپ منعقد کی جائے گی۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کے مطابق براہِ راست سائننگ کا مرحلہ شروع ہونے کے بعد فرنچائزز کی جانب سے مضبوط اسکواڈ تشکیل دینے کی تیاریوں میں تیزی آئے گی۔
