صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا میں ہونے والی تیز بارشوں، آندھی اور فلش فلڈ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 2 مرد، ایک خاتون اور 4 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، ایک خاتون اور 11 بچے شامل ہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 38 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 36 مکانات کو جزوی جبکہ 2 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ حادثات ضلع خیبر، باجوڑ، مردان، شانگلہ، دیر لوئر، دیر اپر اور لوئر چترال میں پیش آئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: باجوڑ: گھر پر مبینہ ڈرون حملہ، 3 افراد جاں بحق، 8 زخمی

 

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ادارہ، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمے باہمی رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی و بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے، متاثرہ خاندانوں کو فوری امدادی سامان کی فراہمی اور ہر ممکن معاونت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

 

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں، جبکہ حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ موسمی الرٹس اور ایڈوائزریز پر سختی سے عمل کریں۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال، موسمی معلومات یا امداد کے لیے پی ڈی ایم اے کی مفت ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔