عیدالاضحی کی چار روزہ تعطیلات کے دوران 11 لاکھ 64 ہزار سے زائد سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کیا، جبکہ وادی سوات سب سے زیادہ سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے والا سیاحتی مقام رہا۔

 

خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق چار روز میں 3 لاکھ 33 ہزار 939 سیاح وادی سوات پہنچے، جبکہ وادی ناران میں ایک لاکھ 72 ہزار 289 اور گلیات میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد سیاحوں نے سیروتفریح کی۔

 

یہ بھی پڑھیے: ساؤتھ ایئر کا ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے روزانہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان

 

اعداد و شمار کے مطابق ضم اضلاع میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 94 ہزار 682 سیاحوں نے مختلف مقامات کا رخ کیا۔ جنوبی وزیرستان میں ایک لاکھ 44 ہزار جبکہ ضلع اورکزئی میں 92 ہزار 112 سیاح تفریح کے لیے پہنچے۔

 

ٹورازم اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شاہد خان کے مطابق عیدالاضحی کے دوران 166 غیرملکی سیاحوں نے بھی خیبرپختونخوا کے مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور معاون خصوصی برائے سیاحت ملک عدیل اقبال کی ہدایات پر تمام ٹورازم ادارے متحرک رہے اور سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔

 

 ان کے مطابق ٹورازم پولیس کے اہلکاروں نے بھی مختلف سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی رہنمائی اور خدمت کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔