باڑہ سیاسی اتحاد کے زیر اہتمام پشاور میں منعقد ہونے والے پرامن احتجاج میں شرکت کے لیے باڑہ سے ہزاروں افراد پر مشتمل قافلہ پشاور روانہ کیا گیا، جس کی قیادت اتحاد کے رہنماؤں نے کی۔
مظاہرین جیسے ہی پشتخرہ چوک کے قریب باڑہ روڈ پر پہنچے تو پولیس نے راستہ بند کر دیا، جس کے باعث کشیدگی پیدا ہو گئی۔
مظاہرین کے آگے بڑھنے کی کوشش پر پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں موقع پر موجود افراد کے ساتھ ساتھ قریبی نجی تعلیمی اداروں، آفریدی ماڈل سکول اینڈ کالج اور سر سید ماڈل سکول کے طلبہ بھی متاثر ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے: لکی مروت دھماکہ: شہدا کی تعداد 7 تک پہنچ گئی
باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان نے کہا کہ وادی تیراہ میدان کے متاثرین کی باعزت واپسی اور باڑہ میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق احتجاجی مظاہرین پشاور میں سوری پل کے مقام پر پرامن مظاہرہ کریں گے اور کسی بھی رکاوٹ کو عبور کرتے ہوئے اپنی احتجاجی کال جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق احتجاجی مظاہرین اور حکومتی نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ مظاہرہ مختلف مقامات پر جاری ہے جس میں باڑہ اور تیراہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک ہیں۔
