خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سرائے نورنگ بازار کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 9 افراد شہید ہوگئے جبکہ 22 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق دھماکہ موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بازار میں معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں جاری تھیں۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، جو ریلوے کراسنگ کے قریب پھٹ گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں ڈیوٹی پر موجود دو ٹریفک پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جبکہ قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں: نوشہرہ: بچوں کی لڑائی خونی تصادم میں تبدیل، 4 سگے بھائیوں سمیت 5 افراد جاں بحق
حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے 18 سےزائد زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے ہسپتال منتقل کیا۔
مقامی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ڈاکٹر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور اس میں ملوث عناصر کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
کسی عسکریت پسند گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ مہینوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
