ضلع خیبر سے ایریا ریپریزنٹیٹیو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل (اے آر ڈی سی) کے ممبر عزت اللہ ہمخیال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سامنے وادی تیراہ کے متاثرین کی باعزت واپسی، معاوضوں کی ادائیگی اور 37 نکاتی معاہدے پر عمل درآمد کا معاملہ اٹھایا گیا، جس پر فیلڈ مارشل نے متاثرین کی باعزت واپسی اور معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا وعدہ کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عزت اللہ ہمخیال نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد 12 اضلاع کی اے آر ڈی سی کونسل کے ممبران کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں وادی تیراہ کے متاثرین کو درپیش مسائل اور ان کی واپسی سے متعلق امور اعلیٰ سطح پر اٹھائے گئے۔
یہ بھی پڑھیے: کرک: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین سمیت 4 پولیس اہلکار شہید
انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران متاثرین کی پُرامن اور باعزت واپسی، نقصانات کے معاوضوں کی ادائیگی اور 37 نکاتی معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق مطالبات براہِ راست فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سامنے رکھے گئے۔
عزت اللہ ہمخیال کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یقین دہانی کرائی کہ وادی تیراہ کے متاثرین کی باعزت واپسی اور معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے اسے اپنا وعدہ قرار دیا ہے۔
اے آر ڈی سی ممبر نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے پیش کیے گئے سپاس نامے میں بھی وادی تیراہ کے متاثرین کا مسئلہ واضح طور پر اجاگر کیا گیا اور ان کی مشکلات کے حل پر زور دیا گیا۔
عزت اللہ ہمخیال نے کہا کہ متاثرین کی واپسی اور ان کے نقصانات کا ازالہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ متعلقہ حکام کو چاہیے کہ متاثرین کے تحفظات اور مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی اقدامات کریں اور 37 نکاتی معاہدے پر پیش رفت یقینی بنائیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اعلیٰ سطح پر معاملہ اٹھائے جانے کے بعد متاثرین کی مشکلات کے حل، ان کی پُرامن اور باعزت واپسی اور معاوضوں کی ادائیگی کے حوالے سے عملی پیش رفت ہوگی۔
