بنوں کے علاقے ڈومیل میں واقع اکبر علی خان مسجد کے امام مولانا شیر محمد نے اپنے بیٹے عبدالصمد سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔

 

انہوں نے بنوں پریس کلب میں دیگر اہلِ خانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا نافرمانی اور باغیانہ رویے کے باعث خاندان سے الگ ہو چکا ہے اور ایک کالعدم تنظیم میں شامل ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: اپر سوات: طبی معائنے اور آپریشن کے بعد 7 سالہ بچی لڑکا قرار

 

مولانا شیر محمد نے واضح کیا کہ وہ گزشتہ ایک سال سے اپنے بیٹے سے نہ ملے ہیں اور نہ ہی کوئی رابطہ ہے۔ ان کے مطابق عبدالصمد خاندان کی بات نہیں مان رہا اور عملی طور پر گھر سے الگ زندگی گزار رہا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے باقاعدہ طور پر اعلانِ لاتعلقی حلفیہ بیان کے ساتھ اخبار، اسٹام پیپر اور متعلقہ پولیس حکام کو بھی جمع کرا دیا ہے۔

 

مولانا شیر محمد نے کہا کہ ان کا خاندان قانون پسند ہے اور حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عبدالصمد کے خلاف جو بھی قانونی کارروائی کرنا چاہیں، انہیں کوئی اعتراض نہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ وہ حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ انہیں بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے، جبکہ پولیس کے مثبت رویے پر انہوں نے اظہارِ تشکر بھی کیا۔