خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہنے اور بادل چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں شدید سردی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال (بالائی و زیریں)، دیر (بالائی و زیریں)، سوات، ملاکنڈ، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، بالائی و زیریں کوہستان، کولئی پلاس کوہستان، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، پشاور، خیبر، اورکزئی، کوہاٹ، ہنگو، کرم، کرک، لکی مروت، بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اضلاع میں رات کے اوقات کے دوران بعض مقامات پر تیز بارش اور زیادہ برفباری کا امکان ہے۔ برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، گلیات اور تیراہ خیبر کے علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن اور بندش کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ موجود ہے۔ انتظامیہ نے سیاحوں اور مقامی افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
