ڈیرہ اسماعیل خان: قریشی موڑ کے علاقے میں امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر شادی کی تقریب کے دوران خودکش دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب نور عالم محسود کے گھر شادی کی تقریب جاری تھی، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو 1122 اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دھماکے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جہاں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
